19

اس وقت نواز شریف پر ڈیل کے لیے بہت پریشر ہے

میری اطلاع کے مطابق نواز شریف ڈیل نہیں کریں گے۔ سینئیر صحافی نجم سیٹھی
اسلام آباد (07 نومبر 2019ء) : یوٹیوب پر اپنے ویڈیو پروگرام میں سینئیر صحافی وتجزیہ کار نجم سیٹھی نے موجودہ ملکی صورتحال پر بات چیت کی اور کہا کہ اس وقت سابق وزیراعظم نواز شریف پر بہت دباؤ ہے کہ وہ ڈیل کر لیں لیکن میری اطلاع کے مطابق نواز شریف ڈیل نہیں کریں گے۔ کیونکہ ان حالات میں ڈیل کرنا ایک طرح کی سیاسی خود کُشی ہو گی۔
نواز شریف کے خلاف یہ خبریں پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ڈیل ہو گئی ڈیل ہو گئی۔ ہو سکتا ہے کہ اس کو مزید آگے بڑھایا جائے اور مریم نواز بھی آجائیں اور مولانا کے پلیٹ فارم پر کھڑی ہو جائیں اور اُسی طرح کی باتیں کریں جیسی باتیں شہباز شریف اور خواجہ آصف یا احسن اقبال نے کی ہیں اور پھر واپس آ جائیں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ کیا مریم نواز اپنے لوگوں کو نکال کر پوری طاقت کے ساتھ اسلام آباد جائیں گی ؟ میرا نہیں خیال ۔
لیکن کیا وہ گھر بیٹھی رہیں گی ؟ میرا خیال ہے کہ ایسا بھی نہیں ہو گا۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ مریم نواز چلی جائیں اور دکھاوا کیا جائے کہ ہم سب ساتھ ہیں جیسا پہلے بھی ہوتا رہا ہے لیکن یہ کہنا ہے کہ مریم نواز اپنی کارکنان کی مکمل طاقت کو ساتھ لے کر جائیں گی میرا خیال ہے کہ ایسا نہیں ہو گا۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی صاحبزادی مریم نواز کی ضمانت پر رہائی کے بعد کل ان کے ہمراہ سروسز اسپتال سے جاتی امرا روانہ ہوئے تھے۔
نواز شریف 6 ماہ جبکہ مریم نواز 3 ماہ کے بعد جاتی امرا گئیں ، مریم نواز کی رہائی کے بعد ان کی سیاسی سرگرمیوں سے متعلق کئی اندازے لگائے جا رہے ہیں کہ آیا مریم نواز سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لیں گی یا نہیں اور اگر لیں گی تو کس حد تک۔ لیکن مسلم لیگ ن کے ذرائع اس معاملے پر واضح بیان دے چکے ہیں کہ مریم نواز والد نواز شریف کے صحتیاب ہونے تک سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیں گی اور نہ ہی مولانا کے دھرنے میں شرکت کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں