Science and Technology 18

اشرافیہ نے قوم کے پلیٹ لیٹس کم کئے، قوم کے پیسے واپس کر دیں، ان کی صحت کیلئے دعا گو ہیں، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی

اسلام آباد (07 نومبر 2019ء) : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ دھرنے سے پاکستا ن کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، نواز شریف واحد مریض ہیں جو بیماری کی حالت میں اسپتال سے گھر آئے جبکہ لوگ بیمار ہو ں تو وہ گھر سے اسپتال منقتل ہوتے ہیں، ان کی طبیعت خراب ہے، اشرافیہ نے قوم کے پلیٹ لیٹس کم کئے، قوم کے لوٹے ہوئے پیسے واپس کر دیں، ان کی صحت کیلئے دعا گو ہیں۔
اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ دھرنے پاکستان کی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، دھرنے والے سونے کیلئے اور کینٹرز مانگ رہے ہیں، سی ڈی اے کو دھرنے کے شرکا ء کی مدد جاری رکھنی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ مولانا فضل الرحمان دھرنے کے شرکا ء کی مدد سے منع کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ قبل ازیں مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے کہا تھا کہ ہم فصلوں کا کچرا مشین سے ٹھکانے لگانے میں بھارتی پنجاب کی مدد کرسکتے ہیں، طریقے سے ٹھکانے لگائے گئے کچرے کو بطورایندھن بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے مزید کہا کہ جالندھرمیں فصلیں جلانا پنجاب کی سرحد کی دونوں جانب تباہی کا باعث ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ ماحولیات کے مطابق اسموگ بھارتی شہر جالندھر سے آرہی ہے، جالندھر میں فصلوں کی باقیات جلائی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے ہوا کا رخ تبدیل ہو کر بھارت سے لاہور کی طرف آ رہا ہے۔ لاہور میں اسموگ کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے، شہریوں کو سانس لینے میں بھی شدید دشواری پیش آ رہی ہے۔
یاد رہے گزشتہ رات لاہور کا اوسطاً ایئر کوالٹی انڈیکس 580 تک پہنچ گیا، شہر کا سب سے آلودہ ترین علاقہ علامہ اقبال ٹاؤن ہے جہاں فضاء کا ایئر کوالٹی انڈیکس 732 پر پہنچ گیا، پنجاب اسمبلی اور ملحقہ علاقوں میں 731 ایئر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں