Twitter 25

ہیکرز نے سیاست، انٹرٹینمنٹ اور ٹیکنالوجی کی بڑی شخصیات کے ٹوئیٹر اکاؤنٹس ہیک کر لیے

ہیکرز نے سیاست، انٹرٹینمنٹ اور ٹیکنالوجی کی بڑی شخصیات کے ٹوئیٹر اکاؤنٹس ہیک کر لیے۔ باراک اوبامہ، بل گیٹس، ایلان مسک، جو بائیڈن سمیت اوبر اور ایپل کے اکاؤنٹس بھی ہیک، ہیک شدہ اکاؤنٹس کی جانب سے میڈیا صارفین سے بٹ کوائن مانگے گئے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر کو ہیکرز کی جانب سے اپنی نوعیت کے ایک عجیب و غریب حملے کا سامنا ہے جس میں ممتاز عالمی شخصیات کے ٹوئیٹر اکاؤنٹس ہیک ہو چکے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق نہ صرف مصدقہ اکاؤنٹس ہیک ہوئے ہیں بلکہ ہیکرز کی جانب سے ہیک کیے جانے والے اکاؤنٹس سے صارفین کو لوٹا بھی جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہیک شدہ اکاؤنٹس سے ٹوئیٹر صارفین سے بٹ کوائن مانگے گئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق ہیک ہونے والے اکاؤنٹس سے کرپٹوکرنسی سے متعلق ٹوئیٹس کیے جا رہے ہیں جن میں لوگوں کو ایک مخصوص اکاؤنٹ میں بٹ کوائن بھیجنے کی صورت میں اسے دگنا کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک 300 کے قریب افراد اس فراڈ کا شکار ہو کر ایک لاکھ ڈالر سے زائد رقم سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ جعلی ٹوئیٹس میں سے زیادہ تر ٹوئیٹس ہٹا لی گئی ہیں۔ ہیکرز کے حملے کا نشانہ بننے والی معروف عالمی شخصیات میں باراک اوبامہ، بل گیٹس، ایلان مسک، جو بائیڈن، جیف بیزوس، وارن بفٹ اور مائیک بلومبرگ کے نام نمایاں ہیں۔
اس کے علاوہ اوبر اور ایپل کمپنی کے اکاؤنٹس بھی ہیکرز کے حملے کا نشانہ بنے۔ واضح رہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے کہ حقیقی اکاؤنٹس ہیک کر کے اتنے بڑے پیمانے پر رقم لوٹنے کا فراڈ کیا گیا ہے، اس سے قبل معروف شخصیات کے جعلی اکاؤنٹس بنا کر یہ فراڈ کیا جاتا تھا۔ فراڈ سے متعلق ٹوئیٹر انتظامیہ نے آگاہ کیا ہے کہ ان کو اسکیمرز کی جانب سے بڑے پیمانے پر اکاؤنٹس ہیک کرنے کے واقعہ کا علم ہوا ہے اور وہ اس حملے سے نبرد ہونے کے لیے تحقیقات اور ضروری اقدامات کر رہے ہیں.
ٹوئیٹر حکام نے آگاہ کیا ہے کہ اس دوران صارفین اپنے اکاؤنٹس سے ٹوئیٹس نہیں کر سکیں گے اور پاسورڈ بھی تبدیل نہیں کر پائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں